پلوامہ: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن، ڈاکٹر درخشاں اندرابی، نے بدھ کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے حال ہی میں وقف کی تحویل میں لی گئی دکانوں کا بھی جائزہ لیا اور دکانداروں سے بات چیت کی۔ دکان داروں نے درپیش مسائل سے وقف چیئرپرسن کو آگاہ کیا مسائل حل کرنے کی مانگ کی، جس کے جواب میں چیئرپرسن نے انہیں یقین دلایا کہ دکانداروں کو درپیش مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جائے گا۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے وقف چیئرپرسن نے کہا کہ یونین ٹیریٹری کے کسی بھی حصہ میں وقف جائیداد کا صحیح استعمال اور غیر قانونی قبضہ سے ہٹانا وقف انظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقف انتظامیہ وقف جائیداد پر مزید دکانوں، کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روزگار کے وسائل مہیا ہو سکیں۔ اور غصب کی گئی وقف اراضی کی ایک ایک انچ جلد واپس حاصل کر لی جائے گی۔ وقف چیئرپرسن نے دعویٰ کیا کہ ’’حکومت یومیہ اجرت پر کام کرنے والے عارضی ملازمین کے طویل عرصے سے زیر التوا مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Omar Hits out at Darakhshan :ـ درخشاں اندرابی جیسوں کا انتخابات کے بعد نام و نشان نہیں ملے گا، عمر عبداللہ
اپوزیشن اتحاد کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’چیلنج کے بغیر کوئی مزہ نہیں ہے اور وہ جانتے ہیں کہ بی جے پی نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے اسی لیے وہ اکٹھے ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پارلیمنٹ اور اربن بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔‘‘ تاہم انہوں نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔