پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بٹنورہ علاقے میں نامعلوم شر پسندوں کی جانب سے مبینہ طور ماہی فارم میں زہریلی شئی پانی میں انڈیلنے سے فش فارم کی سبھی مچھلیاں ہلاک ہو گئیں۔ ماہی پروروں کے مطابق فش فارم میں چھ ہزار سے بھی زائد مچھلیاں تھیں جن کی ’’پانی میں زہر ملانے سے موت‘‘ واقع ہو گئی اور ماہی پروروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔
تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ماہی فارم میں کام کر رہے مقامی باشندوں نے کہا: ’’شر پسند عناصر نے فارم کے پانی میں زہر ملایا جس سے فارم میں موجود چھ ہزار سے بھی زائد مچھلیاں ہلاک ہو گئیں۔‘‘ نقصان کے حوالہ سے متاثرین نے کہا: ’’مچھلیوں کی ہلاکت سے لگ بھگ چھ سے دس لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ فش فارم سے جڑے قریب دس افراد کی روزی روٹی اس سانحہ سے متاثر ہوئی ہے۔
ماثرین نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ سے فارم میں کام کرنے والے دس افراد کا روزگار متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اس ضمن میں مالی معاونت کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ پانی میں زہر ملانے والے افراد کو ڈھونڈ کر ان کے خلاف قانونی کارروائی انجام دیے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
متاثرین نے حکومت سے معاوضہ کے ساتھ ساتھ فوری مالی معاونت کی بھی اپیل کی ہے تاکہ وہ پھر سے فش فارم میں ماہی پروری انجام دیکر اپنے اور اہل و عیال کے لیے نان شبینہ کا انتظام کر سکیں۔
مزید پڑھیں: Fish Farm Poisoned in Shopian: شوپیان میں 'زہر' کی وجہ سے ہزاروں مچھلیاں مر گئیں
اس ضمن میں انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ رات کے دوران کسی نامعلوم شخص نے مچھلی فارم میں زہریلہ کیمیکل ملا دیا جس وجہ سے فارم میں موجود چھ ہزار سے زائد مچھلیاں بیک وقت ہلاک ہو گئیں۔ وہیں متاثرین نے مقامی پولیس اسٹیشن میں بھی شکایت درج کی ہے۔ پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس رجسٹر کر کے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھی گزشتہ برس اس طرح کا واقعہ پیش آیا ہے۔