ضلع پلوامہ میں زعفران کالونی، فرستہ بل، پانپور کی رابطہ سڑکیں انتہائی خستہ ہو چکی ہیں، Dilapidated Pampore Road Irks residents خستہ حال سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جن میں جمع گندے پانی سے مقامی رہائشیوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، وہیں خستہ حال سڑک کے باعث راہگیروں خاص کر طلبہ کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ زعفران کالونی، فرستہ بل، پانپور کے باشندوں نے سڑک کی خستہ حالی کو لے کر انتظایہ کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’سڑک کا ایک حصہ کئی برس قبل خستہ ہو چکا ہے، انتظامیہ کی عدم توجہ اور عرصہ دراز سے اس کی مرمت نہ کیے جانے کا خمیازہ ٹرانسپورٹرز، سمیت مقامی باشندوں خاص کر طلبہ کو بھگتنا پڑتا ہے۔‘‘
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی دفعہ متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کیا تاہم ان کے مطابق افسران نے یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’انتظامیہ سڑک کے ایک چھوٹے حصہ کی مرمت کرنے میں لیت و لعل کا مطاہرہ کیوں کر رہی ہے۔!‘‘ انہوں نے کہا کہ دن بھر اس سڑک سے گزرنے والے سینکڑوں افراد کو ناقابل بیان پریشانیوں سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے محکمہ آر اینڈ بی سے گفتگو کی تو انہوں نے یقین دہانی کی کہ علاقے کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ جلد حل کیا جائے گا۔