مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے کھاری کرمارا گاؤں میں گذشتہ شب پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی، اس دوران بھاری گولہ باری کی وجہ سے ایک ہی گھر کے تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جنگ بندی کی خلاف ورزی میں ہلاک ہونے والوں میں شوہر، بیوی اور ان کا کمسن بیٹا شامل ہے جبکہ ان کا ایک رشتہ دار زخمی بھی ہوا ہے جو ابھی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ضلع پونچھ کے ڈپٹی کمشنر نے بتایا 'دیر شب پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف وزری کی گئی جس میں محمد رفیق نامی 52 سالہ شخص کے ساتھ اس کی بیوی اور 15 سالہ بیٹے کی موت ہوگئی جبکہ ان کا ایک رشہ دار زخمی ہوا ہے جسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے'۔
وہیں ایک مقامی شخص نے کہا 'ہر بار پاکستان کی جانب سے گولہ باری کی وجہ سے ہمیں جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے'۔
انہوں نے کہا 'آخر کب تک ہم لوگ ایسے ہی مرتے رہیں گے، حکومت کوئی حل کرے، جس سے سرحد کے قریب لوگوں کی جان و مال کی حفاظت ہو سکے'۔
انہوں نے کہا 'جب کہیں سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں کے لیے فنڈس آتے ہیں تو وہ ہم تک نہیں پہنچتے ہیں'۔