منڈی: پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے گلی میدان میں حکومت کی جانب سے سنہ 2005 میں ڈاک بنگلو کی عمارت تعمیر کی گئی تھی۔ جس کو محکمہ دیہی ترقی کے زیر اہتمام لوگوں کی بلخصوص سیلانیوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے ساوجیاں میں ماڈل ولیج کے تحت تیار کیا جا رہا تھا۔ عمارت کا کام مکمل ہوا بھی نہیں تھا کہ اچانک محکمہ جنگلات کی جانب سے اس کو بند کروا دیا گیا۔ تا وقت یہ عمارت جوں کی توں پڑی ہوئی ہے۔ Dilapidated Condition of Dak Bungalow Building
اس حوالے سے لوگوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاکھو روپیہ کی لاگت اور سرکاری خزانہ سے رقم برباد کرکے نہ ہی یہاں یہ ڈاک بنگلہ تعمیر ہوا اور نہ ہی وہ رقم ہی بچ پائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپریل 2005 میں اس عمارت کا کام شروع کیا گیا تھا۔ تب لوگوں میں خوشی تھی کہ اس عمارت کی تعمیر سے یہاں پر آنے والے سیلانیوں اور عام راہگروں کو راحت ملے گی۔ اور یہاں چند نوجوانوں کا روزگار بھی چلے گا۔
وہیں مقامی لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس عمارت کو بنانا نہیں تھا تو یہاں سرکاری خزانہ سے لاکھوں کروڑوں کا خرچہ کیوں کیا گیا۔ محکمہ جنگلات کو چاہئے تھاکہ اس کام کو شروع میں ہی بند کر دے تاکہ رقومات کی بربادی نہ ہوتی۔ لیکن افسوس کام نصف سے زیادہ مکمل ہو جانے کے بعد اس کام کو بند کیا گیا۔ جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کا نقصان ہوا ہے۔
اگر اسی طرح کشمکش رہے گی تو ان علاقوں میں ترقی کیسے ممکن ہوگی۔
انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ پر سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے دوبارہ ایک کمیشن مقرر کرکے جائے وقوعہ کا معائنہ کروائیں تاکہ دوبارہ کام میں ہاتھ لگایا جا سکے۔ اس حوالے سے ضلع جنگلات آفسر سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ یہ جگہ جنگلات کی ہوسکتی ہے، جس کی وجہ سے شاید سنہ 2007 میں اس کام کو بند کروایا گیا تھا۔ کیوں کہ کام شروع کرنے سے پہلے محکمہ جنگلات کو مطلع بھی نہیں کیا گیا۔ البتہ انتظامیہ اس معاملہ پر سنجیدگی سے اقدام اٹھاتے ہوئے معاملہ کو حل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: منڈی میں گجر بکروال طبقہ کیلئے بنائی گئی عمارت خستہ حالی کا شکار