پونچھ: جموں وکشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں سکیورٹی فورسز نے رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران سات کلو ہیروئن، دو کروڑ روپیہ نقدی اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سی آر پی ایف اور پولیس نے پونچھ کے ڈونہ ڈویاں علاقے میں رہائشی مکان پر چھاپہ مارا۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے رہائشی مکان کی تلاشی کے دوران سات کلو گرام ہیروئن، کم ا ز کم 2کروڑ روپیہ نقدی ، ایک پستول، دس پستول گولیوں کے راؤنڈ اور ایس ایل آر رائفل کے سات روانڈ بھی برآمد کرکے ضبط کیے۔
پولیس کے مطابق یہ چھاپہ محمد رفیع عرف رفیع لالہ کے گھر پر دالا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ محمد رفیع پر24 فروری کے روز پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا اور اس کے خلاف پونچھ اضلاع کے مختلف پولیس تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکان کی تلاشی ہنوز جاری ہے جبکہ منشیات فروش کے بین ریاستی نیٹ ورک کے ساتھ رابطے ہونے کے بارے میں بھی جانچ پڑتال شروع کی گی ہے ۔
بتادیں کہ اس اے پہلے پولیس نے اوڑی میں ایک ناکہ چیکنگ کے دوران چار منشات فروشوں سے ایک کلو سے زیادہ براؤن شوگر اور 25 لاکھ روپے نقدی برآمد کیے تھے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی بارہمولہ امود اشوک ناگپورے نے کہا کہ پاکستان میں مقیم ہینڈلرز اسمگلروں کے ذریعے جموں و کشمیر میں منشیات پہنچا رہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں بارہمولہ پولیس نے 20 ایف آئی آر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے 29 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے تقریباً دو کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئی ہے۔
(یو این آئی)