سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے نوگام سیکٹر میں پاکستانی فوج نے فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان ہلاک جبکہ دیگر دو اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
ہلاک شدہ فوجی اہلکار کی شناخت بھوپندر سنگھ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے جوانوں کی پہچان لانس نائک وینکٹیش اور شاجل کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمیوں کو سرینگر کے بادامی باغ میں واقع آرمی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فوج بھر پور جواب دے رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان آئے روز کی گولہ باری کے تبادلے سے سرحد کے آرپار کی بستیوں کے لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔