کپواڑہ:شمالی کشمیر کے کپواڑہ کے ٹنگڈار کے ناٹی ٹاپ گابرا کے مقام پر آج ایک سومو گاڑی اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری۔ اس حادثہ میں 4 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ 10 دیگر زخمی ہوئیے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ، فوج اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے چار کو مردہ قرار دیا۔ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
مزید پڑھیں:
بتادیں کہ جموں کشمیر میں گزشتہ بارہ برسوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں بارہ ہزار سے زائد افراد کی موت ہوئی ہے، جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جموں کشمیر ٹریفک پولیس کے ایک رپورٹ کے مطابق سنہ 2010 سے 2022 کے مابین 76,942 سڑک حادثات پیش آئے ہیں، ان حادثات میں 12,429 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 1,04,983 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ان 12 سالوں میں جموں کشمیر میں روزانہ 34 افراد ہلاک اور 291 زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سڑک حادثات کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنی قیمتی جانیں گنوا رہے ہیں اور ہزاروں افراد سڑک حادثات میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے معذوری کی زندگی گذارنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ سڑک حادثات کی اہم وجوہات میں لاپرواہی سے گاڑی چلانا، نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا، انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔