جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایک آپریشن کے دوران جیش محمد نامی عسکری تنظیم سے وابستہ دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کر کے ان کی تحویل سے اسلحہ و بھاری نقدی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کپوارہ پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والے جیش محمد کے دو عسکریت پسند غالباً کپوارہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ نوجوانوں کو عسکری صف میں شامل کرنے والے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوج کی 47 آر آر اور کپوارہ پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ضلع میں مختلف مقامات پر ناکے لگائے اس دوران درگمولہ میں ایف سی آئی گودام کے نزدیک ایک گاڑی کو روک دیا گیا جس میں سوار دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ عسکریت پسندوں کی شناخت وسیم ارشاد گبرو ولد ارشاد احمد گبرو ساکنہ تکیہ بل آرم پورہ سوپور اور معراج الدین وانی ولد غلام الدین وانی ساکنہ بڈشاہ مسجد سوپور کے بطور کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران ایک اے کے 47 رائفل، ایک میگزین، دو گرینیڈ، تیس اے کے راؤنڈس اور نقدی سات لاکھ روپے برآمد کئے گئے۔
بیان کے مطابق اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کپوارہ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔