کپوارہ (جموں و کشمیر): شمالی کشمیر کے کپوارہ اور بارہمولہ اضلاع میں درجنوں علاقوں میں شدید ژالہ باری سے فصلوں، میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا۔ ژالہ باری سے کسانوں، باغ مالکان کو ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ڈائریکٹر ہارٹیکلچر، کشمیر، اور ڈائریکٹر ایگریکلچر نے شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر صاحبان نے کپوارہ، بارہمولہ کے کئی دیہات میں فصلوں، میوہ باغات خاص کر ناشپاتی اور سیب کو ہوئے نقصان کا جائزہ لینے کے علاوہ کسانوں اور باغ مالکان سمیت میوہ تاجرین سے بھی گفتگو کی۔
ڈائریکٹر صاحبان کے دورے کے دوران دونوں محکمہ جات کے متعدد افسران، پی آر آئی ممبران اور کسانوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔ دورے کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے افسران نے کہا: ’’گزشتہ روز ہوئی شدید ژالہ باری کے بعد افسران کو نقصان کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد افسران نے شمالی کشمیر کا دورہ کرکے ژالہ باری سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔‘‘ افسران نے کہا کہ میوہ باغات خاص کر اخروٹ، چیری، سیب اور ناشپاتی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کسانوں کی ڈھارس بھاندتے ہوئے کہا: ’’کسانوں، میوہ باغ مالکان کو کسی بھی صورت گھبرانے کی ضرورت نہیں، جموں و کشمیر انتظامیہ کسانوں کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔‘‘
افسران نے کسانوں، باغ مالکان سے وقتاً فوقتاً متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے وضع کیے گئے شیڈول کے مطابق کھاد ڈالنے اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کسانوں سے ایڈوائزری کے عین مطابق باغات میں اسپرے کرنے کی تلقین کی۔
مزید پڑھیں: ترال میں ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان