کشتواڑ (جموں و کشمیر) : قومی یومِ پنچایت کے موقع پر جموں وکشمیر یونین ٹیریٹوری کی پانچ پنچایتوں کو منریگا اسکیم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پی آر آئی ممبران کو انعامات سے نوازا گیا۔ صوبہ جموں کے ضلع سانبہ کی پالی پنچایت میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پی آر آئی ممبران کو اعزاز سے نوازا گیا۔ منعقدہ تقریب میں جموں و کشمیر لیفٹیننٹ گورنر نے شرکت کی اور پی آر آئی ممبران کو اشک شوئی انعامات سے نوازا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ پروگرام کے دوران دیگر پنچایتوں میں کشتواڑ ضلع کی انجول، ٹھاکرائی پنچایت کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
ایل جی منوج سنہا سمیت پروگرام میں شریک کمشنر سیکریٹری، آر ڈی ڈی، مندیپ کور نے بھی سرپنچ انجول دشا شرما کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بلاک ڈیویلپمنٹ آفیسر ٹھاکرائی تسلیم وانی، ارشاد احمد بٹ پنچایت سیکریٹری سمیت محکمہ آر ڈی ڈی کے دیگر ملازمین بھی پروگرام کے دوران شریک تھے اور جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے انہیں یونین ٹیریٹری سطح کے انعام سے نوازے جانے پر ان کی ستائش کی۔
پہاڑی ضلع کشتواڑ میں دشا شرما کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں کشتواڑ ضلع کی دیگر پنچایتوں کے لیے باعث نمونہ قرار دیا۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے بی ڈی او کشتواڑ، تسلیم وانی، نے کہا کہ ’’یہ لمحہ نہ صرف بلاک انجول بلکہ ضلع بھر کی عوام کے لئے فخر کا باعث ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کشتواڑ کے دور دراز اور دیہی علاقہ انجول کو اعزاز سے نوازے جانے سے مقامی باشندوں خاص کر محکمہ آر ڈی ڈی ملازمین اور پی آر آئی ممبران کے حوصلے بلند ہیں۔
مزید پڑھیں: National Panchayati Raj Day 2022: پلوامہ میں یوم قومی پنچایت راج منایا گیا
بلاک ڈیویلپمنٹ آفیسر، تسلیم وانی، نے انجول کو نوازے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ انعام ضلع انتظامیہ، کشتواڑ، کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انجول پنچایت میں حکومتی اسکیموں، ترقیاتی کاموں کو زمینی سطح پر لاگو کرنے میں ضلع انتظامیہ خاص کر محکمہ مال کا بھی خاص کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیموں کو وقت پر اور حکومتی امداد کو مستحقین تک پہنچانے کے لئے ہی پنچایت انجول کو اعزاز سے نوازا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اعزاز کے حصول میں دیگر محکمہ جات سمیت سبھی پی آر آئی ممبران اور عوام کا بھی خاص کردار رہا ہے۔