پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے تین سینئر رہنماؤں نے آج محبوبہ مفتی کے قوم پرست جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کو لکھے گئے خط میں، سابق ایم پی ٹی ایس باجواہ، سابق ایم ایل سی وید مہاجن اور پی ڈی پی کے سابق ریاستی سکریٹری چودھری حسین علی وفا نے ان کے حالیہ بیانات سے جذبات مجروح ہونے کی بات کہہ کر استعفی دے دیا۔
خیال رہے کہ وید مہاجن اور باجواہ پارٹی کے بانی ممبر تھے، جبکہ وفا نے 2008 میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
انہوں نے خط میں لکھا: 'جموں خطے میں ہم آپ کے ہر دکھ اور سکھ میں ساتھ رہے۔ آپ کی کچھ حرکتوں اور ناپسندیدہ الفاظ سے ہمارے وطن پرست جذبات مجروح ہوئے ہیں۔'
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سید کے پی ڈی پی کے قیام کے پیچھے دو وسیع مقاصد تھے۔ سب سے پہلے، جموں و کشمیر میں عوام کے علاقائی اُمنگوں کی نمائندگی اور مرکزی دھارے میں سیاسی متبادل پیدا کرنا۔ لیکن موجودہ حالات میں ایسا کچھ دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔'
واضح رہے سری نگر میں سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ 'جب تک ریاست کا جھنڈا بحال نہیں ہوتا ہے وہ کوئی دوسرا جھنڈا نہیں اٹھائیں گی۔'