جموں: سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر مبینہ طور خود کو انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے مدھیہ پردیش کیڈر کا افسر ظاہر کرنے والے ایک شخص کو جموں پولیس نے ریاست پنجاب کے لدھیانہ شہر کی رہائشی ایک خاتون سے تقریباً سات لاکھ روپے اینٹھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم راکیش کمار سرحدی علاقہ ارنیا کا رہنے والا ہے، وہ جموں کشمیر کے محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول میں کام کر رہا ہے۔ جموں پولیس نے ملزم راکیش کمار کی تحویل سے شکایت کنندہ لڑکی کے زیورات اور موبائل فون بھی برآمد کیا ہے۔ جموں بس اسٹینڈ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی شکایت میں انورادھا کماری ساکنہ شیو پوری، لدھیانہ، پنجاب نے شکایت درج کرائی کہ راکیش کمار نے خود کو آئی پی ایس آفیسر جتلا کر شکایت کنندہ کو جموں آکر اُن سے آئی پی ایس امتحان کے لیے ٹپس فراہم کرنے کے نام پر اسے لوٹ لیا۔
کماری کا دعویٰ ہے کہ وہ سیول سروسز امتحان کی تیاری کر رہی ہے اور وہ انٹرنیٹ پر ’’آئی پی ایس آفیسر سچن اتلکر کے رابطے میں آئی، جس نے خود کو مدھیہ پردیش کے اجین میں تعینات ہونے کا دعویٰ کیا۔‘‘ شکایت کنندہ کا دعویٰ ہے کہ اُس نے سماجی رابطہ گاہ پر اُس ’آئی پی ایس‘ کو فالو کرنا شروع کیا اور چند روز بعد ہی انہیں سماجی رابطہ گاہ کے ذریعے یہ پیغام موصول ہوا کہ ’آئی پی ایس آفیسر‘ جموں آ رہے ہیں جہاں وہ امتحان پاس کرانے کے لیے طلبہ کو تجاویز دیں گے۔ شکایت کنندہ کے مطابق وہ بھی جموں آئیں جہاں ان کا سارا سامان لوٹ لیا گیا جس میں نقدی، زیورات اور فون نمبر بھی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: قاتل بیٹا گرفتار
شکایت کنندہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اسے سول سروسز امتحان پاس کرنے کی ٹپس دینے کے بدلے بینک اکاؤنٹ میں کچھ روپے جمع کرانے کو بھی کہا تھا۔ جب پولیس نے لڑکی کی طرف سے جمع کیے گئے بینک اکاؤنٹ کا سراغ لگایا تو یہ ارنیا کے ایک شخص کے نام پر درج تھا۔ پولیس نے بینک اکاؤنٹ کی بنیاد پر راکیش کمار کو حراست میں لے لیا۔ تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوا کہ راکیش کمار کو پہلے بھی فرضی آرمی کپتان ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔