جموں و کشمیر میں مہلک وائرس کی قہر سانیاں جاری ہے اور ہر گرزتے دن کے ساتھ کوروناوائرس کا دائرہ وسیع سے وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔ اب روزانہ کی بنیاد پر ہزار سے زائد نئے کورونا معاملات سامنے آرہے ہیں۔ وہیں صوبہ کشمیر کے بعد اب جموں خطے سے بھی گزشتہ ہفتوں سے کوروناوائرس مریضوں میں ہوش ربا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
گزشتہ دو ہفتوں یعنی 31 اگست سے 13 ستمبر 2020 تک جموں وکشمیر میں کوروناوائرس کے نئے کیسوں کی کل تعداد 16 ہزار 398 رہی۔ جبکہ دو ہفتوں کے دوران کورونا میں مبتلا 175 مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے اثرات اور متاثر مریضوں کی موت کے معاملے میں سرینگر اور جموں شہر سب سے زیادہ متاثر مانے جاتے ہیں۔
حالیہ دو ہفتوں کے دوران ضلع سرینگر میں 2405 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران مبتلا 30 متاثر مریضوں کی موت بھی ہوئی ہے۔ جبکہ اسی مدت کے دوران جموں صوبے میں 5064 نئے معاملات درج کئے جاچکے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ناول کوروناوائرس کے 55325 معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے 18049 ایکٹیو کیسز ہیں ۔وہیں اب تک 36381 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
31 اگست سے 13ستمبر 2020 تک جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 703 جا پہنچی ہے جن میں 637 کا تعلق کشمیر سے اور 66 کا تعلق جموں صوبے سے ہیں۔