جموں میں پولیس نے ایک غبارہ برآمد کیا ہے جس پر 'پی آئی اے' لکھا ہوا ہے۔ یہ غبارہ ہوائی جہاز سے مشابہت رکھتا ہے اور اس پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) تحریر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس پر پاکستانی ایئرلائنز کا لوگو (علامت) بھی بنا ہوا ہے۔ یہ اس طرح کا دوسرا غبارہ ہے۔ اس سے قبل بھی اسی شکل کا ایک غبارہ جموں صوبے سے برآمد کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق غبارے کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ایک سینیئر پولیس عہدیدار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا 'بلوال علاقے کے رہائشیوں نے آج صبح بیلون (غبارے) کو دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ ہماری ٹیم موقع پر پہنچی اور اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔'
انہوں نے مزید کہا 'یہ غبارہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ہوائی جہاز سے بالکل مشابہت رکھتا ہے جس میں دروازے اور کھڑکیاں پینٹ کی گئی ہیں۔'
دریں اثنا، پولیس نے اس سلسلہ میں تفتیش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے جموں کے ہیرا نگر سیکٹر سے بھی ایسا ہی غبارہ برآمد ہوا تھا۔