گاندربل : ہفتہ کے روز وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے سرہبل سونمرگ علاقے کے قریب، حیدرآباد کی ایک نجی کمپنی کی ایک ورکشاپ کے قریب برفانی تودہ گرنے کی اطلاع ملی ہے۔
پولیس اور انتظامیہ کے سینیئر افسران نے بتایا کہ اسے پہلے اس علاقہ میں برفانی تودہ گرنے سے کشتواڑ ضلع کے دو مزدوروں کی موت واقع ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
وہیں گاندربل پولیس نے اس واقعے کے بعد ٹویٹ کرکے جانکاری دی۔ پولیس کے مطابق گاندربل سربل سونہ مرگ علاقہ میں کم شدت کا برفانی تودہ گر آیا ہے, جہاں حیدرآباد کی ایک نجی کمپنی میگا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ (MEIL) کا ورکشاپ چل رہا ہے۔
پولیس کے مطابق کمپنی کے حکام نے اطلاع دی ہےکہ اس برفانی تودے سے فی الحال جان و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
پولیس نے میڈیا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کوئی بھی غیر تصدیق شدہ خبر شائع نہ کریں اور خبر پولیس سے تصدیق ہونے کے بعد ہی شائع کریں۔ اس دوران جب ای ٹی وی بھارت نے میگا انجینئرنگ کمپنی کے پروجیکٹ منیجر سے بات کی تو انہوں نے کہا فی الحال جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، لیکن ورکشاپ کا کچھ حصہ برفانی تودے کے نیچے دب گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Avalanche hits Gurez گریز میں برفانی تودا گر آیا، جانی یا مالی نقصان نہیں
واضح رہے اس سے پہلے شمالی ضلع بانڈی پورہ کے تلیل گاؤں میں ہفتے کے روز ایک برفانی تودا گر آیا تاہم اس تودے سے کسی کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثنا ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے لیے برفانی تودے گرنے کا" ہائی خطرے" اور بانڈی پورہ، بارہمولہ، ڈوڈہ، گاندربل، کشتواڑ، پونچھ، رامبن اور ریاسی اضلاع کے لیے "درمیانے درجے کے خطرے" کی وارننگ جاری کی ہے۔
دریں اثناہ ڈویژنل انتظامیہ نے ہفتے کے روز بالائی علاقوں میں برفانی تودے گر آنے کی پیشین گوئی کی ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ۔