ڈوڈہ: ضلع انتظامیہ نے عوامی شکایات کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے ضلع کے مختلف مقامات پر بلاک دیوس کا اہتمام کیا۔ بلاک دیواس پروگرام گورنمنٹ ہائی اسکول پنچایت کھرنگل (گنڈوہ)، مدھائی پارک ٹھاٹھری، پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس کرمیل، اسر، ہائی اسکول منتھلا بھدرواہ اور پنچایت گوہا مارمٹ میں منعقد کیے گئے۔ ڈی سی ڈوڈہ سمیت مختلف محکمہ جات کے افسران نے بلاک دیوس میں شرکت کرکے عوامی مسائل سنے۔
Block Diwas Held in Several Areas of Doda
ضلع ترقیاتی کونسل ڈوڈہ کے چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے ایچ ایس منتھلا میں منعقد کیے گئے بلاک دیوس پروگرام میں عوامی شکایات سنیں۔ اسکے علاوہ انہوں نے پی آر آئی ممبران سمیت مقامی وفود سے مختلف امور پر بات چیت کی۔ پی آر آئی ممبران سمیت مقامی باشندوں کی جانب سے پانی کی قلت اور محکمہ جل شکتی سے متعلق دیگر مسائل پر ایس ای ہائیڈرولکس کو ہدایت دی گئی کہ وہ متعلقہ افسران کے ہمراہ ایک ہفتہ کے اندر علاقے کا دورہ کرکے عوامی مسائل کو حل کریں۔
علاقے میں اے ٹی ایم/بینک برانچ قائم کرنے کے عوامی مطالبے پر کلسٹر ہیڈ جے کے بینک سے کہا گیا کہ وہ بینک کے اصولوں کے مطابق فزیبلٹی چیک کریں اور رپورٹ پیش کریں۔ پروگرام میں یقین دہانی کرائی گئی کہ کمیونیکیشن ٹاور اور ناقص نیٹ ورک کی تنصیب کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ اسکے علاوہ متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ مختلف ترقیاتی مقاصد کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضے اور ورکرز کی زیر التواء اجرت بروقت ادا کریں۔
دامنڈا تا جئے روڈ اور سرکل روڈ کے حوالے سے محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ جنگلات کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایک ہفتہ میں تمام رسمی کارروائیوں کو مکمل کریں تاکہ ضروری سڑکوں کی جلد تکمیل کے لئے عمل درآمد شروع کیا جا سکے۔ ڈی سی نے تمام ضلعی سربراہوں اور افسران کو بلاک دیوس پروگراموں کے دوران اٹھائی گئی عوامی شکایات پر کی جانے والی کارروائی کا سہ ماہی جائزہ لینے کی ہدایت دی تاکہ مسائل کو وقت پر حل کیا جا سکے۔
ڈی ڈی سی چیئرمین نے پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے پی آر آئی ممبران اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ضلع میں اجتماعی اور جامع ترقی میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ بلاک دیوس کے حوالے سے دیگر نامزد مقامات - جن میں پنچایت کھرنگل، (گنڈوہ) میں گورنمنٹ ہائی اسکول، مڈل شروٹ میں مدھائی پارک، (ٹھاٹھری)، پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس کرمیل، (اسر) اور پنچایت گوہا مارمت شامل ہیں- میں دن بھر بلاک دیوس کی کارروائی جاری رہی۔ عوام اور پنچایت نمائندوں نے بہت سے مسائل اور مطالبات پیش کیے ہیں۔ جن میں پانی و بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے، سڑکوں کی میگڈامائزیشن، اسکولوں اور اسپتالوں میں عملے کی کمی کو پورا کرنے، اسکولوں کی اپ گریڈیشن، دیہی علاقوں میں بینکنگ کی سہولیات، منریگا کے تحت زیر التواء اجرتوں کو واگزار کرنے کے علاوہ دیگر کئی مطالبات شامل تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ضلع کے تمام مقامات پر 102 شکایات/درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 97 کو موقع پر ہی حل کیا گیا۔ اس کے علاوہ 20 ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، 02 کیٹیگری سرٹیفکیٹ، 05 پیدائش/ موت کی سرٹیفکیٹ جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ 04 اہل افراد کو KCC جاری کیا گیا۔