سرینگر (جموں و کشمیر): ایک اہم پیش رفت کے تحت دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے جمعرات کو جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی سے متعلق متعدد واقعات میں مطلوب حزب المجاہدین کے ایک عسکریت پسند جاوید مٹو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یاد رہے کہ یہ گرفتاری یوم جمہوریہ کی تقریبات سے چند روز قبل انجام دی گئی ہے۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے حزب المجاہدین نامی عسکری تنظیم سے وابستہ ایک عسکریت جاوید مٹو کو گرفتار کیا ہے جو جموں اور کشمیر میں عسکریت پسندی سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں ملوث تھا۔‘‘ افسر کا مزید کہنا تھا کہ’’مٹو کی گرفتاری کے حوالہ سے پانچ لاکھ روپے کا انعام تھا اور وہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو بھی مطلوب تھا۔‘‘
مزید پڑھیں: مشتبہ پاکستانی عسکریت پسند 14 دنوں کیلئے پولیس ریمانڈ میں
واضح رہے کہ جموں و کشمیر پولیس نے صوبہ جموں کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں ایک اور حزب عسکریت پسند محمد یوسف چوہان کی حالیہ دنوں گرفتار کیا تھا۔ چوہان پر عسکریت پسندی سے متعلق واقعات میں ملوث ہونے کا شبہ تھا اور سیکورٹی فورسز نے اس کے قبضے سے ایک چینی ساخت گرینیڈ بھی بر آمد کیا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سیکورٹی ایجنسیز نے جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کی معاونت کرنے، علیحدگی پسند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے الزام میں کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔