ضلع صدر مقام بڈگام سے چند کلومیٹر کی دوری پر واقع درگنڈ، بمنہ علاقے میں بجلی، پانی اور سڑک جیسی بنیادی ضروریات کے فقدان کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
درگنڈ، بمنہ کے باشندوں نے ضلع انتظامیہ بڈگام کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو سڑک، بجلی اور پانی جیسی بنیادی ضروریات فراہم کرنے کی اپیل کی۔
درگنڈ، بڈگام میں رابطہ سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے، جس کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں کافی دقتیں پیش آتی ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا کہ خستہ حال سڑک پر اکثر و بیشتر کیچڑ جمع رہتا ہے جس کے سبب مقامی باشندوں خصوصا بچوں اور بزرگوں کو سڑک پار کرنے میں اذیتیں پیش آتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں ڈرینیج سسٹم بھی ناکارہ ہو چکا ہے، وہیں انہوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی پر بھی ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: کشمیر سے مہاجر مزدوروں کی گھر واپسی پر ہنگامہ کیوں؟
درگنڈ کے باشندں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی کافی خستہ ہے، انہوں نے محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بجلی کھمبوں کے بجائے ترسیلی لائنیں درختوں کے ساتھ باندھی گئی ہیں، جس سے ہر وقت حادثہ رونما ہونا کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: بڈگام: سڑکوں کی تعمیر اور درستگی سے مقامی لوگ میں خوشی
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوامی مشکلات کا ازالہ ممکن بنانے کے لیے انہوں نے ’’کئی بار ضلع انتظامیہ سے رجوع کیا، احتجاج بھی کیے، تاہم اسکے باوجود عوامی مطالبات کو نظر انداز کیا گیا۔‘‘
انہوں نے ضلع انتظامیہ سے درگنڈ، علاقے میں بنیادی ضروریات کے حوالے سے لوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیے جانے کی اپیل کی۔