بڈگام: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں اپنے دورے کے دوران چرارشریف میں کہا کہ اس سال اب تک 1.27 کروڑ سیاحوں نے یو ٹی کا دورہ کیا ہے اور یہ تعداد نے گذشتہ سال کے ریکارڈ کو عبور کرلیا ہے۔ ضلع بڈگام کے چرار شریف میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی نے روحانی بزرگ شیخ العالم شیخ نورالدین نورانی رحمۃ اللہ علیہ کی تعریف کی اور کہا کہ ’دنیا شیخ العالمؒ کو جانتی ہے۔ ایسے ولی کامل کو دنیا میں کسی سے متعارف کرانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ شیخ العالم ہیں، شیخ الکشمیر نہیں، ولی تصوف کا مظہر ہوتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کشمیر میں پرامن ماحول ہے کیونکہ کاروبار سال بھر جاری رہتا ہے اور اسکول اور کالج معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ امن کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں ہے۔ امن قائم ہونے تک ترقی ممکن نہیں۔ ایک وقت تھا جب شکارا مالک، ہوٹل کا مالک اور عام آٹو رکشہ مالک غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے بہت نقصان اٹھاتے تھے۔ ہم اس مرحلے سے نکل آئے ہیں‘۔
ایل جی نے کہا کہ ’اس سال اب تک 1.27 کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا ہے اور یہ تعداد پچھلے سال کے مقابلے بہت زیادہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ سال کے آخر تک ریکارڈ توڑ سیاحوں کی آمد دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب سیاحوں کی بڑی تعداد کشمیر آئےگی تو معیاری انفراسٹرکچر کو یقینی بنانا اولین فرض ہے۔ یہ انتظامیہ کا کام ہے، ہم اپنے مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے یو ٹی میں ہر جگہ سیاحتی انفراسٹرکچر قائم کر رہے ہیں، جب مہمانوں کی بڑی تعداد کشمیر آئے گی تو ہمارے مقامی دکاندار، ٹیکسی ڈرائیور، ہوٹل اور شکارا مالکان کی کمائی اچھی ہوگی اور ہماری معیشت بہتر ہو جائے گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: BJP in Kashmir محبوبہ مفتی نے ستیہ پال ملک کا سہارا لیکر بھاجپا کو بنایا نشانہ
انہوں نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی کا مکمل مرکز ضلع بڈگام میں قائم کیا جائے گا اور وہ جلد ہی اس معاملے پر وائس چانسلر سے بات کریں گے۔ بڈگام کے ضلع ہسپتال کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہ ہسپتال لوگوں کو تمام بڑی سہولیات فراہم کرے گا۔ ایل جی نے مزید کہاکہ ’میں کسی ایسی چیز کے دعوے نہیں کروں گا جو نہیں ہو سکتے، میں کھوکھلے وعدے نہیں کروں گا۔ ایل جی نے کہا کہ اب تک 30,000 نوجوانوں کو نوکریاں ملی ہیں اور تمام کا انتخاب شفاف طریقے سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ستمبر سے ایک بار پھر بھرتی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر وجے کمار بھیدوری، اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار، سیکرٹری سیاحت سید عابد رشید اور انتظامیہ کے دیگر افسران موجود تھے۔