بڈگام (جموں و کشمیر): وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں، پولیس اسٹیشن کھاگ کو ایک مصدقہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ تین افراد نے ٹین کے ایک شیڈ میں غیرقانونی طور پر کاٹی گئی عمارتی لکڑی کو ذخیرہ کر رکھا ہے۔ اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد بڈگام پولیس نے محکمہ جنگلات کو بھی مطلع کیا اور بعد ازاں بڈگام پولیس اور فاریسٹ اہلکاروں کی جانب سے ایک مشترکہ ٹیم نے اس مخصوص مقام پر چھاپہ مارا۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ٹیم نے شیڈ کی تلاشی لی تو اس دوران انہیں شیڈ سے (35 Cft) دیودار کی لکڑی برآمد کی گئی، جسے غیر قانونی طور جنگل سے کاٹ کر بازار میں مناسب وقت پر فروخت کرنے کی غرض سے شیڈ میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ پولیس نے اس جرم میں ملوث تین ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت فیاض احمد ملک ولد عبدالکریم ملک اور غلام محمد ڈار ولد عبد الرحمن ڈار اور غلام حسن ڈار ولد محمد عبد اللہ ڈار ساکنان شوپلین، کھاگ کے طور پر کی ہے۔ جس شیڈ سے لکڑی برآمد کی گئی وہ فیاض احمد ملک کے نام سے درج ہے۔ اس ضمن میں پولیس نے ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 18/2023 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن کھاگ میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ سخت قوانین کے باجود سبز سونے کی لوٹ جاری ہے۔ جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے شجر کاری مہم بھی تیز کر دی گئی ہے۔ محکمہ سوشل فارسٹری کی جانب سے رواں برس دس لاکھ سے زائد درخت لگائے جانے کا منصوبہ ہے۔
مزید پڑھیں: Timber Smugglers Arrested in Doda: ڈوڈہ میں دو ’مطلوب‘ لکڑی اسمگلر گرفتار