بڈگام (جموں و کشمیر): وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر (اے ڈی ڈی سی) ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے، نوروز اور نوراتری تہواروں کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ اور انہیں حتمی شکل دینے کے لیے اعلیٰ افسران کی ایک میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں مختلف محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران افسران کو ماہ مبارک کے دوران عوام الناس کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر زور دیا گیا۔ اے ڈی ڈی سی نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ ماہ مبارک خاص کر سحری و افطاری کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے پر زور دیا۔ اے ڈی ڈی سی نے محکمہ جل شکتی کے افسران سے بھی ضلع کے سبھی علاقوں میں پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے فعال انتظامات اتھائے جانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ایف سی ایس اینڈ سی اے سے بھی کھانے پینے کی اشیاء کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اے ڈی ڈی سی نے کہا کہ ’’ناجائز منافع خوری، شرپسندوں کی جانب سے مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دئے جائیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مارکیٹ ٹیمیں ضلع کے سبھی بازاروں میں معیاری اشیائے خورد و نوش کی فروخت اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔
بلدیات کے ای اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ متعلقہ علاقوں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے ڈبل شفٹس میں صفائی مہم چلائیں، اس کے علاوہ ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کو جنگی بنیادوں پر بحال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ میٹنگ کے دوران چیف اینیمل ہسبنڈری آفیسر کو ہدایت کی گئی کہ وہ پولٹری برڈز کو صارفین کے لیے دستیاب رکھیں اور اسٹاک کو نشاندہی کی گئی جگہوں پر دستیاب رکھیں۔
مزید پڑھیں: ضلع بڈگام میں محرم الحرام کے حوالے سے جائزہ میٹنگ کا انعقاد
محکمہ فشریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شیخ پورہ پنڈت کالونی اور مختلف شیعہ اکثریتی مقامات پر نوروز اور نوراتری کے مواقع پر مخصوص مقامات پر فروخت کے لیے ٹراؤٹ اور کارپ مچھلی کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی گئی کہ تمام مراکز صحت پر ادویات، عملہ اور ایمبولینسز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔