بارہمولہ: وادی کشمیر کے معروف اسکی ریزارٹ اور سیاحتی مقام گلمرگ میں ’’کھیلو انڈیا ونٹر گیمز‘‘ کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔ ونٹر گیمز کے تیسرے روز بھی مختلف کھیل مقابلے منعقد کیے گئے جن میں کھلاڑیوں نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ جوائنٹ سولولم سنو بورڈ مقابلے میں مینز سینئر اور جونیئر کھیلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ریاست اترا کھنڈ سے تعلق رکھنے والے سنو بورڈ کھلاڑی پرمود گذشتہ چھ برسوں سے اسنو بورڈنگ مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے گلمرگ میں میں جاری کھیلو انڈیا مقابلوں میں شرکت کے حوالہ سے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’کشمیر خاص طور پر گلمرگ کی ڈھلانیں اسنو بورڈنگ اور اسکیننگ کے لیے بہتر جگہ ہے۔‘‘ پرمود کے مطابق ’’ملک بھر میں گلمرگ سے زیادہ بہتر ڈھلانیں (Slope) کہیں بھی نہیں ہیں۔‘‘
پرومود نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ منتظمین کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے گلمرگ میں بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل مقابلے میں انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ادھر، ایک اور غیر مقامی اسنو بورڈ کھلاڑی کلدیپ راوت نے بتایا کہ ’’میں پانچ برس سے سنو بورڈنگ کر رہا ہوں اور یہاں کی سلوپس قابل تعریف ہیں اور مجھے اس مقابلے میں شرکت کر کے مزہ آیا کیونکہ سلوپس ہی ایسے ہیں جو ملک بھر میں اور کہیں بھی نہیں ہیں۔ یہاں اسنو بورڈنگ کا الگ ہی ایک تجربہ ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Interview GDA CEO گلمرگ- ٹنگمرگ روڈ کو برفباری میں کھلا رکھنا سب سے بڑا چیلنج، غلام جیلانی زرگر
قابل ذکر ہے کہ گلمرگ میں تیسرا کھیلو انڈیا ونٹر گیمز دس فروری سے کھیلا جا رہا ہے اور ان کھیلوں میں حصہ لینے کے لئے ملک بھر سے 1500سے زائد کھلاڑی 11مختلف کھیل مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ ان سرمائی کھیلوں میں کرلنگ، بینڈی، آئس اسکیٹنگ، آئس ہاکی، سنو سٹاکنگ، فیگر اسکیٹنگ، سنو شو ریس،سنو سکی، سنو بورڈنگ، سکی ماؤنٹ ٹریکینگ، باب سلیج وغیرہ شامل ہیں۔ ان کھیل مقابلوں میں رواں برس دو نئے کھیل کرلنگ اور بینڈی بھی متعارف کروائے گئے۔