شمالی کشمیر کے ڈانگرپورہ، سوپور کے باشندوں نے ضلع انتظامیہ سمیت محکمہ جل شکتی کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں تین سال قبل واٹر فلٹریشن پلانٹ تعمیر کیا گیا تاہم فلٹریشن پلانٹ کو پوری طرح فعال نہیں بنایا گیا جس کے سبب لوگوں کو پینے کے پانی کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے علاقے میں وقت پر اور مناسب مقدار میں پانی سپلائی نہ کیے جانے کے سبب لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی حاصل کرنے کے لیے میلوں کا سفر پیدل طے کرنا پڑتا ہے جس کے سبب انہیں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’کثیر آبادی کو پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم رکھا گیا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: بارہمولہ: ایکو پارک کے افتتاح سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید
مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’’ضلع انتظامیہ سمیت محکمہ جل شکتی سے علاقے میں پینے کا صاف پانی مہیا کرانے کی غرض سے کئی مرتبہ رجوع کیا تاہم لوگوں کے جائز مطالبے کو ہر بار نظر انداز کیا گیا۔‘‘
انہوں نے علاقے میں تعمیر کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کو فعال بنائے جانے اور کثیر آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کیے جانے کی اپیل کی۔