محکمہ تعلیم کی جانب سے جمعرات کو ضلع بانڈی پورہ کے خیر پورہ علاقے میں قائم گورنمنٹ مڈل اسکول ارن میں انرولمنٹ ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے ضلع کے کئی مقامات پر اس سے قبل بھی انرولمنٹ ڈرائو کا اہتمام کیا گیا اور افسران کے مطابق یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔
گورنمنٹ مڈل اسکول ارن میں منعقدہ انرولمنٹ ڈرائیو میں درجنوں بچوں اور ان کے والدین، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، چیف ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ، زونل ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ اور مقامی زعماء کے علاوہ کئی اساتذہ بھی موجود تھے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے مختلف اساتذہ اور افسران نے ماضی کے مقابلے میں سرکاری اسکولوں کے ڈھانچے میں بہتری، بچوں کو ملنے والی سہولیات اور دیگر مراعات سے متعلق حاضرین کو مکمل معلومات فراہم کی۔
اس موقعے پر متعدد والدین نے اپنے بچوں کا داخلہ سرکاری اسکولوں میں کرانے کا عہد کیا۔ جبکہ مقررین اور محکمہ تعلیم سے وابستہ شرکاء نے سرکاری اسکولوں میں تعلیم اور دیگر سہولیات کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’ماضی کے مقابلے میں اب سرکاری اسکولوں میں بھی وہ سبھی سہولیات میسر ہیں جوکہ نجی اسکولوں میں فراہم کی جاتی ہیں۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی سرپنچ کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں نجی اسکولوں کے مانند سبھی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ، سرکاری اسکولوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی خدمات موجود ہیں، جبکہ طلباء کو مفت کتابیں دیے جانے کے ساتھ ساتھ ’’مڈ ڈے میل‘‘ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
اس موقعے پر زونل ایجوکیشن افیسر بانڈی پورہ نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ انرولمنٹ ڈرائیو کے چلتے ڈیڑھ ہزار سے زیادہ بچوں نے سرکاری اسکولوں میں اندراج کرایا ہے، جبکہ انہوں نے مارچ 2021تک ڈرائیو کو جاری رکھنے کا بھی عندیہ دیا۔