شمالی کشمیر کے سریندر، بانڈی پورہ کے باشندوں نے نالہ مدھومتی کو پار کرنے کے لیے از خود ایک لکڑی کا عارضی پل تعمیر کیا ہے۔
سریندر علاقے کے باشندوں نے بتایا کہ برسوں سے انتظامیہ سے پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے سرد مہری کا مظاہرہ کیے جانے کے بعد لوگوں نے از خود ایک عارضی پل تعمیر کیا۔
خیال رہے کہ مدھومتی نالہ اس گاؤں کے بیچوں بیچ سے گزرتا ہے جس کے اطراف میں سینکڑوں نفوس آباد ہیں۔ وہیں نالے کے ایک طرف اسکول اور ڈسپنسری واقع ہے اور اس سلسلے میں مقامی باشندوں کا تقریبا روزانہ نالہ کے دوسرے طرف آنا جانا لگا رہتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کئی دفعہ اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا تاہم ’’لوگوں کو پل جیسی بنیادی ضرورت بہم پہنچانے کے لیے انتظامیہ نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کے بعد مقامی باشندوں نے از خود لکڑیاں جمع کرکے ایک عارضی فُٹ برج تعمیر کیا اور اسی کی مدد سے دریا کو پار کرتے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں؛ ذالپورہ سوناواری: بجلی کے لٹکتے تاروں سے لوگوں کو خطرہ
مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ اگرچہ وہ اس عارضی پل سے کام چلا رہے ہیں تاہم انکے مطابق پل پر روزانہ سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں۔
انہوں نے انتظامیہ سے پل کی تعمیر کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے جس سے عوام کو درپیش مشکلات میں کچھ حد تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔