اننت ناگ میں آگ میں جلنے کی وجہ سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ خاتون نے اپنے سسرال والوں پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے اسے نذر آتش کیا تھا۔ خاتون کو سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھیں۔ تقریباً ایک ہفتے تک اسپتال میں زیر علاج خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
اہلخانہ نے ڈاکٹروں کے حوالے سے بتایا کہ وہ 95 فیصد جھلس گئیں تھیں۔ ایس ایم ایچ ایس اسپتال ذرائع نے مذکورہ خاتون کے فوت ہونے کی تصدیق کی۔
واضح رہے گذشتہ جمعرات کو جنوبی کشمیر کے مٹن علاقے میں ایک 28 سالہ خاتون شہزادہ بانو کو مبینہ طور پر اس کے سسرال والوں نے نذر آتش کیا تھا۔ اس کے بعد اسے فوری طور پر نزدیک کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے خصوصی علاج معالجے کے لیے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مذکورہ خاتون کا ایک حیرتناک ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا جس میں وہ صاف طور پر یہ کہتی ہوئی نظر آ رہی تھیں کہ اسے اس کے سسرال والوں نے جلانے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: 'کورونا گائیڈ لائن کی پاسداری نہ کرنے سے کیسز میں اضافہ'
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی تھی۔ ادھر، جونہی مذکورہ خاتوں کی موت کی خبر علاقے میں پھیلی تو وہاں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی مانگ کی۔
اس معاملے میں جب پولیس سے بات کی گئی تو انہوں نے کیمرے کے سامنے آنے سے انکار کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ تفتیش کے بعد کاروائی کی جائے گی۔