اننت ناگ: دور حاضر میں انگریزی تہذیب و تمدن ایسے مسلط و مروج ہوگئی ہے کہ لوگ اپنے کلچر، تہذیب و روایت کو بھولتے جا رہے ہیں۔ ثقافت، کلچر، رواداری اور مشترکہ تہذیب قوم کی ترقی اور بقاء کی ضامن ہیں۔ اپنے کلچر تہذیب و تمدن کو فروغ دینے اور اس میں نئی روح پھونکنے کے لئے حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے تحت جموں کشمیر انتظامیہ کی جانب سے عظیم الشان ثقافتی میلہ 'نیو کشمیر نیو ہوپ، جشن کشمیر' کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس فیسٹول کو دارالحکومت تک ہی محدود نہیں رکھا گیا ہے بلکہ اسے ضلع سطح پر بھی منعقد کیا جا رہا ہے، تاکہ اپنے تہذیب و ثقافت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جا سکے۔New Kashmir new Hope Jashn e kashmir Cultural Festival Organised in Anantnag
ضلع اننت ناگ کے ٹاؤن ہال میں بھی 'نیو کشمیر نیو ہوپ، جشن کشمیر' ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم مہمان خصوصی کے طور پر موجود رہے، جبکہ میونسپل کونسل کے چیئرمین ہلال احمد شاہ ڈسٹرکٹ انفارمیشن افسر، چیف ایگریکلچر افسر، سی ایم او، اسکول کے اساتذہ اور دیگر مقامی فنکاروں سمیت براڈکاسڑز بھی موجود تھے۔ Cultural Festival in South Kashmir
پروگرام کے دوران فوک تھیٹر، بانڈہ پاتھر، چھکری تہء روف، نغمے، نکڑ ناٹک، فوک میوزک اور فوک ڈانس کا شاندار شو پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا گیا۔ پروگرام کے آخر میں ضلع کے 10 فنکاروں، گیارہ ہونہار طلباء کے علاوہ شرکاء اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے وادی کشمیر کے فن اور ثقافت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’یہ قدم ہنر مند نوجوانوں اور فنکاروں کو بہتر پلیٹ فارم مہیا کرنے، اپنے کلچر، تہذیب، تمدن و ثقافت کو فروغ دینے اور اسے زندہ رکھنے کا ایک مفید قدم ہے۔‘‘ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے ثقافتی پروگراموں کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ تمام نامور اور نئے فنکاروں کو اپنے ہنر کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم ہو سکے۔
فیسٹیول کے ڈائریکٹر، گلزار احمد بٹ اور معروف براڈکاسٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اس کوشش پر وہ گورنر انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپنے کلچر اور تہذیب کو فروغ دینے اور اسے نئی نسل تک پہنچانے کے لئے یہ ایک مفید پہل ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس فیسٹول کو بلاک اور پنچایتی سطح پر بھی منعقد کرنے کی ضرورت ہے، جو وقت کی ایک اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ثقافتی پالیسی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ فنکاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔
واضح رہے کہ اس فیسٹیول کا انعقاد شاہ قلندر فوک تھیٹر نے ضلع انتظامیہ (اننت ناگ)، نارتھ زون کلچر سینٹر (پٹیالہ)، جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز، ڈویژنل کمشنر (کشمیر) اور آل جے اینڈ کے فوک آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا۔ اس فیسٹول کا آغاز 25 اکتوبر کو سرینگر میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کیا تھا۔ جبکہ کئی اضلاع میں منعقد ہونے کے بعد یہ فیسٹول نومبر کے آخری عشرہ میں سرینگر میں اختتام ہوگا۔