اننت ناگ (جموں و کشمیر) : نیشنل کانفرنس لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ، جنوبی کشمیر، جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے ضلع اننت ناگ کے ویری ناگ علاقہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ممبر پارلیمنٹ نے مختلف محکمہ جات کے کاموں کا جائزہ لیا اور پبلک ہیلتھ سینٹر ویری ناگ کے لیے مختلف مشینری کی خریداری کے لیے 12 لاکھ روپے واگزار کرنے کا بھی کا اعلان کیا۔ انہوں نے پی ایچ سی ویری ناگ کو جلد ہی سب ڈسٹرکٹ لیول تک اپ گریڈ کیے جانے کا بھی وعدہ کیا۔
دورے کے دوران حسنین مسعودی نے ویری ناگ میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی جنہوں نے اپنے اپنے علاقہ جات میں لوگوں کو درپیش مسائل سے ممبر پارلیمنٹ کو آگاہ کیا۔ لوگوں نے پبلک ہیلتھ سنٹر کو اپگریڈ کیے جانے، عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنائے جانے کے علاوہ مختلف ڈائیگناسٹک مشینروں کی تنصیب کا بھی مطالبہ کیا۔ ممبر پارلیمنٹ نے شعبہ اپتھومالجی کے لیے بارہ لاکھ روپے ایم پی فنڈ واگزار کیے جانے کا اعلان کرتے ہوئے ہیلتھ سنٹر کو تمام تر جدید سہولیات سے لیس کیے جانے کی بھی یقین دہانی کی۔
مزید پڑھیں: Hasnain Masoodi On Pahalgam Road Project حسنین مسعودی نے پہلگام سڑک کے مجوزہ پروجیکٹ کا جائزہ لیا
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طبی مراکز کی اپگریڈیشن کے لیے وہ ہمیشہ سے کوشاں رہے ہیں اور جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں قائم طبی مراکز کا بنیادی ڈھانچہ مستحکم کیا جا چکا ہے اور اب پی ایچ سی ویری ناگ میں عوامی سہولیات کے لیے مشینیں نصب کرنے کے علاوہ مریضوں اور تیمارداروں کی سہولیات کے لئے ضرورت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ممبر پارلیمنٹ کے مطابق انہوں نے ضلع کے کپرن - ڈیسا روڈ کی تعمیر کا معاملہ پارلیمنٹ کے گزشتہ اجلاس میں بھی اٹھایا تھا اور بہت جلد اس کے حوالے سے ایک اچھی خبر سامنے آئے گی۔