اننت ناگ: ضلع اننت ناگ میں منشیات کی لعنت کو روکنے کے لیے، ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی سی) اننت ناگ، ڈاکٹر بشارت قیوم نے 5ویں ضلع سطح این سی او آر ڈی میٹنگ منعقد کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی کی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ اس میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں لوگوں اور متاثرین کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔
چیف میڈیکل افسر نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلہ میں مختلف تربیتی پروگرام منعقد کیے گئے جس میں محکمہ تعلیم کے 876 اساتذہ کو تربیت دی گئی۔ انہیں اسکولوں میں زیر تعلیم منشیات کے عادی بچوں کی شناخت، کونسلنگ اور والدین کے ساتھ قریبی رابطے کو یقینی بنانے کی تربیت دی گئی۔ چیف میڈیکل افسر نے کہا کہ طلبہ میں براہ راست بیداری پیدا کرنے کے لیے 16 مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع میں 120 ریلیاں بھی نکالی گئیں جن میں ضلع بھر سے طلبہ نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں:NCORD Meet in Budgam بڈگام میں این سی او آر ڈی کا ساتواں اجلاس منعقد
ڈاکٹر بشارت نے اسٹیک ہولڈرز کو آگاہی اور بیداری کے پروگراموں کا شیڈول بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فروری کا مہینہ معمولی سرگرمیوں کے علاوہ اس سماجی برائی کے خاتمے کے لیے مخصوص رکھا جائے گا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی جن میں ایس ایس پی، اے ڈی سی، ایس ڈی ایمز، سی ایم او، سی ای او، ڈرگ کنٹرول آرگنائزیشن کے افسران کے علاوہ دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی شامل تھے۔