اننت ناگ: جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ضلع ترقیاتی کمشنر سید فخر الدین حامد نے ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت کسان دکش کے بارے میں آگاہی کے حوالے سے اورینٹیشن پروگرام کی صدارت کی۔ وومنز ڈگری کالج کے آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام کا اہتمام ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر، ایچ اے ڈی پی نے ڈگری کالج کے پرنسپل کے تعاون سے زراعت اور متعلقہ شعبوں کے افسران اور ادارے کے طلباء کی موجودگی میں کیا۔
چیف ایگریکلچر افسر اننت ناگ اعجاز حسین ڈار نے ڈپٹی کمشنر کو دکش کسان آن لائن لرننگ مینجمنٹ اسٹڈی پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا مقصد زراعت کے شعبہ سے منسلک طبقوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو آن لائن کورسز کے بارے میں تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت 121 کورسز ہیں جن کو سیکھنے کی مدت 5 سے 7 روز ہے۔ ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت مختص 29 منصوبوں پر کسانوں کی بنیادی توجہ مرکوز کرنے کے لئے آن لائن اور آف لائن بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کو ضلع کے کرشی وگیان کیندروں پر 5-7 دنوں کے لیے منتخب کردہ کورسز کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔ دکش کسان آن لائن پورٹل کے ذریعہ شرکاء کو کاشتکاری کے نئے طرز عمل ، اور جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔
ڈی سی نے طلباء کو ہدایت دی کہ "دکش کسان" میں زیادہ سے زیادہ اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ تعلیم یافتہ نوجوان لڑکے لڑکیاں ہنر مندی کے کورسز سیکھ کر نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر کاشتکاری کے شعبہ کو مزید منافع بخش بنائیں۔ انہوں نے زراعت اور متعلقہ شعبوں کے ٹرینر، و افسران سے کہا کہ وہ طلباء کو پروگرام کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کریں۔ ڈی سی نے کہا کہ حکومت کسانوں کی آمدنی کو بڑھانے کے لیے زراعت کو بڑے پیمانے پر فروغ دے رہی ہے۔