سری نگر: جنوبی ضلع اننت ناگ کے ساگام کوکر ناگ علاقے میں تصادم کی جگہ پر سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار اعلیٰ الصبح ساگام کوکر ناگ میں سکیورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دیے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ساگام کوکر ناگ میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سکیورٹی فورسز نے اتوار اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی سکیورٹی اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کافی دیر تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔
ان کے مطابق پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک کو طلب کرکے علاقے کو پوری طرح سے محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستے سیل کئے گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے تصادم کی جگہ ملی ٹینٹوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کیا ہے۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ گولیوں کا تبادلہ تھم گیا ہے اور ملی ٹینٹوں کی تلاش ہنوز جاری ہے۔
مزید پڑھیں: Encounter at Baramulla بارہمولہ انکاؤنٹر میں ایک عسکریت پسند ہلاک
ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن کا دائرہ وسیع کیا۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یو این آئی