اپنی پارٹی کے ضلع اننت ناگ کے صدر عبد الرحیم راتھر نے کہا کہ 'نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی پر الزامات لگا رہی تھی کہ پی ڈی، پی بی جے پی کی بنائی ہوئی جماعت ہے۔ اصل میں بی جے پی کو روکنے کے لئے ہی اپنی پارٹی وجود میں آئی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ جب پی ڈی پی، این سی کے پاس کوئی چارہ نہیں رہا تو اب وہ اسے اپنی پارٹی پر تھوپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ذمہ دار سیاسی پارٹیوں کو اس طرح کی بیان بازی نہیں کرنا چاہئے۔ اس طرح کے الزامات لگانا ان کو زیب نہیں دیتا۔'
اننت ناگ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے راتھر نےکہا کہ این سی اور پی ڈی پی نے یہاں کے لوگوں کو ہمیشہ گمراہ کیا ہے اور آج ایک دوسرے کے ساتھ ناطہ جوڑ کر اپنی پارٹی پر غلط الزامات لگا کر عوام کو پھر سے بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
راتھر نے کہا کہ' اپنی پارٹی وہی بات کہے گی جو سچائی پر مبنی ہوگی تاکہ لوگوں کو دھوکے میں نہ رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ پی ڈی پی سمیت کئی سرکردہ سیاسی رہنماؤں کی جانب سے مسلسل بیانات سامنے آ رہے ہیں کہ اپنی پارٹی، بی جے پی کی بنائی ہوئی پارٹی ہے اور کشمیر میں 'اپنی پارٹی' کے نام سے بی جے پی کو پروجیکٹ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حال ہی میں کانگریس کے سینئر رہنما گلزار احمد وانی نے بھی اس طرح کا بیان دیا تھا۔
لیکن ان تمام بیان بازیوں اور الزام تراشیوں کو اپنی پارٹی نے مسترد کر دیا ہے۔