بھارت نے اتوار کو مانچسٹر میں تین میچوں کی سیریز کے فیصلہ کن ون ڈے میں میزبان انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی ہے۔ اس جیت میں سب سے اہم کردار وکٹ کیپر رشبھ پنت (125 ناٹ آؤٹ، 113 گیندوں، 16 چوکے، 2 چھکے) اور ہاردک پانڈیا (71 رنز، 55 گیندوں، 10 چوکے اور باؤلنگ میں 4 وکٹیں) کا رہا، جنہوں نے ایک طرح سے مقابلے کو یک طرفہ کر دیا۔ENG vs IND 3rd ODI
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جہاں محمد سراج نے جونی بیرسٹو اور جو روٹ کو صفر رنز پر پویلین بھیج دیا۔ تاہم اس کے بعد پچ بلے بازی کے لیے آسان ہوگئی اور جیسن رائے نے بین اسٹوکس کے ساتھ 54 رنز کی شراکت قائم کی۔ رائے نے تیز کھیلتے ہوئے 31 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے جبکہ اسٹوکس نے 29 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے۔
دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان جوس بٹلر نے قیادت سنبھالی۔ بٹلر نے معین علی (34) کے ساتھ 75 اور لیام لیونگسٹن (27) کے ساتھ 49 رنز کی شراکت کی۔ بٹلر نے ہاردک پانڈیا کے آؤٹ ہونے سے قبل 80 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ ساتویں وکٹ پر بٹلر کے 199 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستان کو 200 کے آس پاس کی امید تھی، لیکن ڈیوڈ ولی نے کریگ اوورٹن کے ساتھ 48 رنز کی شراکت داری کرکے انگلینڈ کو باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔ یوزویندر چہل نے آخر کار ولی، اوورٹن اور ریس ٹوپلے کی وکٹیں لے کر انگلینڈ کو 45.5 اوورز میں 259 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
ہاردک پانڈیا نے ہندوستان کی جانب سے 18 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جو ان کے ون ڈے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ ان کی پچھلی بہترین کارکردگی نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں سامنے آئی تھی جہاں انہوں نے 31 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ چہل نے 9.5 اوورز میں 60 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، محمد سراج قدرے مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے نو اوورز میں 66 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ رویندرا جڈیجہ کو ایک وکٹ ملی۔