پاکستانی اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی بھارت میں ریلیز دونوں ممالک کے لیے اچھا قدم ہوگا۔ یہ فلم 30 دسمبر کو بھارت میں پنجابی بولنے والے علاقوں میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن اس کی نمائش کو مؤخر کردیا گیا ہے اور فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ سال 1979 میں آئی مشہور پاکستانی فلم مولا جٹ کا ریمیک ہے۔ بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں فواد کے ساتھ ماہرہ خان بھی ہیں۔The Legend of Maula Jatt
بھارت میں فلم کی ریلیز کے بارے میں پوچھے جانے پر فواد نے سی این این کو بتایا کہ 'ظاہر ہے کہ یہ بہت اچھا ہوگا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ہاتھ ملانے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ یہ ان مٹھائیوں اور لذتوں کی طرح ہے جو ہم عید اور دیوالی پر ایک دوسرے کو بھیجتے ہیں۔ فلموں اور موسیقی کا ایک ایسا تبادلہ ہونا چاہیے۔ لیکن حالات اب بھی کشیدہ ہیں، تو دیکھتے ہیں۔ میں نے سنا ہے کہ اس کے ریلیز ہونے اور نہ ہونے دونوں کے امکان ہیں تو دیکھتے ہیں'۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال 2022 نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری پاکستانی سینما کے لیے بڑا سال ثابت ہوا۔ 'میں انڈسٹری کا ایک چھوٹا سا حصہ ہوں اور جس طرح انڈسٹری نے اپنی حدود کو بڑھایا ہے، جیسا کاروبار کیا ہے اور فلم سازی کا شانداز انداز۔۔ یہ سب پاکستانی سنیما کے لیے بہت اچھا ثابت ہوا ہے '۔فواد نے انٹرویو کا ویڈیو کلپ اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا۔
سنیما تھیٹروں سے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو ہٹائے جانے کے فوراً بعد ایم این ایس لیڈر امیہ کھوپکر نے ٹویٹ کیا کہ فلم کی ریلیز کی منسوخی پارٹی کی کوششوں کا اثر ہے۔ واضح رہے کہ سیساسی جماعت کئی ہندو انتہا پسند گروپوں نے فلم کی ریلیز کی مخالفت کی تھی۔
اتوار کو فلم ڈائریکٹر بلال لاشاری نے انکشاف کیا کہ ان کی فلم نے پاکستان میں 100 کروڑ روپے اور دنیا بھر میں 10 ملین ڈالر کا ہندسہ عبور کیا۔ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ' بہترین وقت کیونکہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے پاکستان کے باکس آفس پر 100 کروڑ روپے اور دنیا بھر میں 10 ڈالر ملین کا ہندسہ عبور کیا۔ ایک بار پھر ٹیم ایم جے اور دنیا بھر میں دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے مداحوں کا بہت شکریہ جنہوں نے اس فلم کو شاندار کامیابی دی۔ آپ سب کو نیا سال بہت بہت مبارک ہو!'۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ 13 اکتوبر کو پاکستان میں ریلیز ہوئی، اور اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔