ضلع پلوامہ کے پدگام پورہ میں واقع سیڈ ملٹپلکیشن فارم میں فی الحال 298 کنال اراضی پر کھیتی کے ذریعہ مختلف اقسام کے بیج تیار کرتے ہوئے کسانوں کو فراہم کئے جارہے ہیں۔
اس سیڈ ملٹپلکیشن فارم میں شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ ہمہ اقسام کے بیجوں کو کسانوں تک پہنچایا جاتا ہے تاکہ کسانوں کو کم کھیتی سے زیادہ منافع حاصل ہوسکے۔ فارم میں دھان، گندم و دیگر اقسام کے اعلیٰ اور معیاری بیج تیار کے جاتے ہیں جو بعد میں محمکہ زراعت کی جانب سے کسان تک پہنچائے جاتے ہیں۔
وہی اس فارم سے ضلع پلوامہ کے علاوہ وادی کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ لداخ میں بھی ان معیاری بیجوں کو سپلائی کیا جاتا ہے تاکہ کسان ان اعلیٰ اور معیاری بیجوں سے مستفید ہوسکیں جبکہ فی الحال فارم میں دھان کی فصل کی نئی قسم SR4 کی کٹائی کا کام عروج پر ہے۔ اس قسم کو شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کی جانب سے تیار کی گئی ہے جس کو اب کسانوں تک پہنچایا جائے گا۔ متعلقہ محمکہ کی جانب سے اس اقسام کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کی پیداوار کافی اچھی ہوتی ہے جس کی وجہ سے کسان خوش ہیں۔ فارم میں لگ بھگ ڈھائی سو کے قریب مستقل و عارضی ملازمین کام کرتے ہیں۔
دھان کی SR4 قسم کے بارے میں ارشاد احمد نامی کسان نے بتایا کہ ’میں روایتی دھان کی فصل کو اگاتا تھا جس کی پیداوار کافی کم تھی اور اس میں خرچہ زیادہ ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال میں نے شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کی جانب سے تیارکردہ SR4 قسم کی دھان کی فصل لگائی جس سے کافی اچھی پیداوار ہوئی۔ انہوں نے محمکہ زراعت کا شکریہ ادا کیا اور محکمہ سے اپیل کی کہ وہ ہر فصل میں اعلیٰ اور معیاری بیج تیار کرے تاکہ کسان کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں:
ترال: شبانہ آتشزدگی میں رہائشی مکان خاکستر
پدگام پورہ کے فارم انچارج اعجاز حسین ڈار نے بات کرتے ہوئے کہا اس فارم میں ہم شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کی جانب سے تیارکردہ بیجوں کو اگاتے ہے اور پھر ہم ان بیجوں کو محمکہ زراعت کے ضلع افسران کو دیتے ہیں جہاں سے یہ بیچ کسانوں تک پہنچائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فارم کا مقصد کسانوں کو اعلیٰ اور معیاری بیج فراہم کرنا ہے۔