جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے شہر ترال کے دور دراز علاقہ ناگہ پتھری کے لال پورہ - وزل کلناڈ سڑک کی میکڈمائزیشن نہیں کیے جانے پر آج مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پی ایم جی ایس وائی کے خلاف زبردست ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بی ایم جی ایس وائی ہائے ہائے کا نعرہ لگایا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سڑک گزشتہ پندرہ برسوں سے ادھوری پڑی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس علاقے میں گجر بکروال لوگ رہائش پذیر ہیں اور سرکار ان کے اس مسئلے کو نظرانداز کررہی ہے۔حالانکہ گزشتہ روز پی ایم جی ایس وائی کے ڈائریکٹر نے اس علاقے کا دورہ کرکے سڑک کے تعمیراتی کام کو شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ضلع انتظامیہ ابھی بھی غفلت میں ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑک کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وہیں پی ایم جی ایس وائی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینیئر شبیر احمد ٹاک نے فون پر بتایا کہ اس سڑک پر کام آئندہ دو تین دن میں جلد شروع کیا جائے گا۔