وادی میں کچھ دنوں سے زوروں پر جاری عام شہریوں اور غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے تعلق سے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے نو افراد کو گرفتار کیا۔
این آئی اے نے 10 اکتوبر کو ان معاملات میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی تھی اور وادی میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے۔
ایجنسی نے اس تعلق سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج پلوامہ، بارہمولہ، سرینگر اور کولگام میں 11 مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ اس دوران چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ حالیہ اطلاع کے مطابق 9 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن پر عسکری کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ گرفتار افراد میں سرینگر کے راعد بشیر، حنان گلزار، کامران اشرف اور کولگام کے سہیل احمد ٹھوکر شامل ہیں۔
این آئی اے نے آج صبح سرینگر کےعیدگاہ، چھانہ پورہ، باغ مہتاب، ضلع بارہمولہ، کولگام، پلوامہ اور سوپور میں مشتبہ افراد کے گھروں پر چھاپے مارے تھے۔ این آئی اے کے مطابق ان چھاپوں اور تلاشی کارروائی کے دوران انہوں مشکوک مواد اور الیکٹرانک ڈیوائسز ضبط کیے۔
غور طلب ہے کہ وادی میں گذشتہ دو ہفتوں میں نو عام شہریوں بشمول پانچ غیر مقامی مزدوروں کو نامعلوم عسکریت پسندوں نے ہلاک کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ این آئی اے فارمسسٹ ماکھن لال بندرو اور اسکول پرنسپل سپندر کور کی ہلاکتوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: محبوبہ مفتی ستیہ پال ملک کے خلاف کیس درج کریں گی
واضح رہے کہ سنہ 2017 سے این آئی اے نے کشمیر میں متعدد افراد کو عسکریت پسندی اور حوالہ فنڈنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے اور ان پر مقدمہ درج کیا ہے۔ ان گرفتاریوں میں بیشتر حریت رہنما بھی قید کیے گئے ہیں۔