مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں زوجیلا سرنگ اور زیڈ موڈ سرنگ کا دورہ کیا اور سرنگوں پر کام کاج کا جائزہ لیا۔ گڈکری نے کہا کہ 'میں تعمیر کی رفتار سے مطمئن ہوں اور حکام سے کہا کہ وہ ان سرنگوں کی تعمیر مئی 2024 سے پہلے مکمل کریں، تاکہ ہم اپوزیشن کو دکھائیں جو ہم نے حاصل کیا ہوگا۔'
زوجیلا سرنگ اور زیڈ موڈ سرنگ پر کام کی پیش رفت کے بارے میں گڈکری نے کہا کہ جموں و کشمیر میں فی الحال 1 لاکھ کروڑ روپے کے پروجیکٹس پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں میں سے چھ منصوبے جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
گڈکری نے کہا کہ 2014 سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حکومت سنبھالنے کے بعد قومی شاہراہ کو 1695 کلومیٹر سے بڑھا کر 2664 کلومیٹر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ میں 969 کلومیٹر کا اضافہ ہوا۔
وہیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیٹلمنٹ انجینئر برہان احمد نے کہا کہ این ایچ آئی ڈی سی ایل سردیوں کے مہینوں میں زوجیلا سرنگ پر کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہے اور یہ منصوبہ مرکزی علاقے لداخ کو تمام موسمی رابطے فراہم کرے گا۔
زوجیلا سرنگ جموں و کشمیر اور لداخ دونوں یو ٹی کے لیے ترقی اور سیاحت کے لحاظ سے خاصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ لداخ خطے کو سال بھر رابطہ فراہم کرے گی۔
پرشانت کمار (ڈی جی ایم) نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرنگ کی ایک تاریخی اہمیت ہے اور گذشتہ 20 سالوں سے حکومت اس منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- زوجیلا ٹنل: ایشیاء کی سب سے لمبی دو طرفہ سرنگ کا کام تیزی سے جاری
- زوجیلا سرنگ کا تعمیراتی کام مقررہ میعاد سے ایک سال پہلے مکمل ہونے کی توقع
کمار نے کہا کہ 'ایک دن ضائع کیے بغیر ہم جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے لوگوں کو سال بھر لداخ یو ٹی کے ساتھ جوڑنے کے لیے پروجیکٹ کو مقررہ تاریخ سے پہلے مکمل کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔'
دریں اثنا، وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وزیز نتن گڈکری کے زوجیلا سرنگ کے دورے کے پیش نظر، ڈیو کام، آئی جی پی کشمیر، ڈی آئی جی سی کے آر، ڈی سی گاندربل، ایس ایس پی گاندربل اور دیگر ضلع اور سب ڈویژن افسران سونمرگ پہنچے۔
ہم آپ کو بتا دیں کہ زوجیلا سرنگ بھارت کی سب سے لمبی ٹنل اور ایشیا کی سب سے لمبی دو طرفہ سرنگ ہوگی۔ اس راستے پر کئی پل تعمیر کیے جا رہے ہیں اور قومی شاہراہ زوجیلا سرنگ اور زیڈ موڈ تک جوڑنے والی سرنگ سونمرگ اور کارگل کے درمیان زوجیلا گھاٹ میں تعمیر کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:گاندربل: نتن گڈکری کے دورے سے قبل جی ایس کمبو کی میڈیا سے بات چیت