سرینگر: جموں وکشمیر کے سرکردہ عالم دین، مقتدر دینی و روحانی پیشوا، مصلح قوم، انجمن نصرة الاسلام کے بانیٔ اعظم حضرت علامہ رسول شاہ صاحب کا 113واں یوم وصال انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا Allama Rasool Shah Death Anniversery گیا۔
اس سلسلے میں ایک اہم علمی تقریب انجمن کے زیر اہتمام منعقد کی گئی جب کہ اس علمی تقریب میں صدر انجمن میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق حکام کی جانب سے غیر قانونی طور پر 5 اگست 2019 سے مسلسل نظر بند رکھنے کے سبب شرکت نہیں کرسکے۔
تقریب کی صدارت انجمن کے جنرل سیکریٹری الحاج محمد الطاف صاحب نے انجام دی،جبکہ انجمن کے عملہ، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے سماجی دوریوں کا لحاظ رکھتے ہوئے حصہ لیا۔
اس موقعہ پر جنرل سیکریٹری سمیت اسلامیہ اورینٹل کالج کے پرنسپل مفتی غلام رسول سامون، نصرة الاسلام کے مدیر ایم ایس الرحمن شمس اور دیگر اساتذہ اور طلباء نے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرحوم کی قوم و ملت کے تئیں گراں قدر دینی، علمی، اصلاحی، دعوتی اور سماجی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو جہالت، غربت، اور ظلمت سے نکالنے کے لیے علامہ مرحوم نے جو کارہائے نمایاں اور گرانقدر خدمات انجام دیں وہ کشمیر کی عصری تاریخ کا ایک نہایت ہی روشن باب ہے ۔
مقررین نے کہا کہ انجمن کی بنیاد ڈال کر علامہ مرحوم نے کشمیر کے ظلمت کدے میں ایک چراغ روشن کرکے تعلیمی بیداری کی جو مہم شروع کی اور لا علمی اور جہالت کے خلاف جو جہاد شروع کیا اس کے شاندار نتائج آج ہم اپنے سامنے دیکھ رہے ہیں۔
- یہ بھی پڑھیں:Musical Concert in Saudi Arabia: سعودی عرب میں ریو پارٹی پر علماء، اسکالرز اور مفتیان کا ردعمل
مقررین نے کہا کہ آج سے تقریباً سوا سو سال پہلے انجمن کے قیام اور اس کے توسط سے اہلیان کشمیر کی تعلیمی بیداری کے مہم کو آغاز کرنے کے حوالے سے میرواعظ مرحوم کے کارنامے انتہائی اہم اور سنہرے حروف سے لکھے جانے کے لائق ہے۔
مقررین نے واضح کیا کہ ماضی کی طرح آج بھی انجمن قوم کے غریب اور پسماندہ طبقہ کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے انہیں اپنے حقوق سے روشناس کرانے میں مصروف عمل ہے۔
اس دوران علامہ مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے اسلامیہ اورینٹل کالج کے زیر اہتمام قرآن خوانی کی ایک بابرکت اور نورانی مجلس آراستہ کی گئی اور علامہ رسول شاہ سمیت ان کے جملہ رفقا اور تمام سابقہ صدور ، اساتذہ ، اراکین اور انجمن کے مخلصین کی مغفرت کے لیے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کیا گیا۔
- یہ بھی پڑھیں:No Friday Prayer in Jamia Masjid Srinagar: مسلسل 28 ویں جمعتہ بھی جامع مسجد سرینگر میں نماز ادا نہ ہوسکی
آخر پر اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول میں زیر تعلیم بارہویں جماعت کی طالبہ زینب منیر کا سائنس سٹریم میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر نظر بند سربراہ انجمن میرواعظ اور انجمن کی جانب سے دلی مبارک باد اور تہنیت پیش کی گئی۔