سرینگر: وادی کشمیر کے نامور پلمونالوجسٹ ڈاکٹر نوید نظیر شاہ کہنا ہے کہ بچوں میں کھانسی اور زکام کی الرجی بار بار ہونے کی کئی وجوہات کار فرما ہیں۔ جہاں اس میں موسم کا تغیر و تبدل ایک اہم رول ادا کرتا ہے وہیں پولن اور ماحولیاتی آلودگی اس کے اہم وجوہات ہیں۔ Reasons Behind Increase Allergic Cough
انہوں نے کہا کہ ویسے تو الرجی بچوں ہی نہیں بلکہ جوان اور عمر رسیدہ افراد کو بھی ہوتی ہے، تاہم بچوں میں ہوا کی نالیاں تنگ ہوتی ہیں ایسے میں بچوں کو بار بار کھانسی کی شکایت ہوتی ہے، کبھی کبھار بچوں کو سانس لینے میں بھی دشواریاں پیدا ہوجاتی ہیں۔جو بعد دمہ کی شکل اختیار کر جاتی ہے۔ دمہ کی سب سے عام علامت سانس سے سیٹی کی آوازں کا نکلنا،کھانسی ہونا اور سانس لینے میں دشواری پیش آنا ہے۔
کووڈ کے بعد کھانسی اور زکام کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر نوید نظیر شاہ نے کہا کہ کورونا ایک وائرل انفیکشن ہے اس سے بھی الرجی کی تکالیف زیادہ پیدا ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الرجی عارضی ہو یا دائمی اس کا مستقل علاج موجود نہیں ہے۔ تاہم چند احتیاطی تدابیر پر عمل اور ماہر ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات ایک کورس کی صورت میں لینے سے الرجیک کھانسی یا زکام کو قابو میں کیا جاسکتا ہے۔