جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے سب ضلع ترال کے آری پل تحصیل میں مسلسل بجلی کی تخفیف اور پینے کے صاف پانی کی قلت سے مقامی لوگوں میں ناراضگی Public outrage over continuous water and electricity cuts پائی جارہی ہے۔
لوگوں کے مطابق شدید سردی کے دوران مسلسل بجلی کی غیر اعلانیہ تخفیف سے وہ عاجز آچکے ہیں اور بار بار کی گزارشات کے باوجود محکمہ اس ضمن میں کوئی ٹھوس، اقدامات نہیں کر رہا ہے۔
مقامی محمد شفیع نے بتایا کہ ہم لوگ پابندی سے بجلی کا بل ادا کر رہے ہیں، لیکن ستم ظریفی ہے کہ لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔
ایک اور مقامی خضر محمد شیخ کے مطابق پانی کی قلت سے بھی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، حالانکہ سنہ 2016 میں ایک واٹر سپلائی اسکیم کو منظوری ملی تھی، لیکن بعد میں اس تعلق سے کچھ بھی کام نہیں ہوا۔
واٹر سپلائی کے لیے رسیونگ اسٹیشن کا بھی افتتاح کیا گیا، لیکن اب تک زمینی سطح پر کچھ کام نہیں ہوا۔ وہیں اس تعلق سے ڈی ڈی سی ممبر منظور گنائی نے بتایا کہ علاقے میں بجلی اور پینے کے صاف پانی کی قلت کی شکایات انہیں گزشتہ کئی ہفتوں سے مل رہی ہے، اس معاملہ کو انہوں نے اعلی حکام کی نوٹس میں لایا ہے اور جلد ہی یہاں پانی اور بجلی کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔