اونتی پورہ: جموں و کشمیر کے اونتی پورہ میں آج محکمہ سوشل فارسٹری نے اسلامک یونیورسٹی کے اشتراک سے جنگلات کی اہمیت اور تحفظ پر ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا، جس کی صدارت محکمہ کے ڈائریکٹر روشن جگی اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے کی۔ پروگرام میں طلباء کے علاوہ سوشل فارسٹری کے ملازمین اور یونیورسٹی عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے موسمیاتی تبدیلیوں میں جنگلات کے کردار پر مفصل روشنی ڈالی اور شجرکاری کو بڑھاوا دینے پر زور دیا۔ ماہرین نے بتایا کہ گلوبل وارمنگ اور دیگر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے شجرکاری ایک اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس لیے نہ صرف سرکاری سطح پر بلکہ عوامی سطح پر ایک ٹھوس مہم چلانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس مہم سے ہی ہمارا تابناک مستقبل جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے اندر بھی جس طرح موسمی تبدیلیوں نے رنگ دکھانا شروع کیا ہے اس سے یہ بات اخز کی جا سکتی ہے کہ ہمیں اس حوالے سے محتاط رہنا چاہیے۔ پروگرام میں ریجنل ڈائریکٹر سوشل فارسٹری معراج الدین ملک کے علاوہ ڈویژنل فارسٹ آفیسر پلوامہ منظور احمد بھی موجود رہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوشل فارسٹری کے ڈاریکٹر روشن جگی نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں شجرکاری کرنے سے کئی فائدے ہوتے ہیں کہ ایک طرف شجرکاری ہوتی ہے تو دوسری جانب محکمہ کا پیغام بھی عوام تک پہنچتا ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامک یونیورسٹی میں گزشتہ برس بھی اس حوالے سے پروگرام منعقد ہوا تھا اور یہ آگے بھی جاری رہےگا۔
یہ بھی پڑھیں: Plantation Drive : ڈی سی پلوامہ نے شجرکاری مہم میں چنار کا پیڑ لگایا