نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو ڈنمارک کی طرف سے منعقد ہونے والی دوسری ہند-نارڈک چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور بعد میں پیرس جائیں گے اور اپنے تین ممالک کے دورہ یورپ کے آخری دن فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات کریں گے۔ دوسری ہند-نارڈک چوٹی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم مودی دیگر نارڈک رہنماؤں یعنی آئس لینڈ کے وزیر اعظم کیٹرین جیکبس ڈوٹیر، ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر اسٹور، سویڈن کے وزیر اعظم میگڈیلینا اینڈرسن اور فن لینڈ کے وزیر اعظم سانا مارین کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔ PM Modi to attend India-Nordic summit, visit France today
وزیر اعظم مودی نے اپنے جاری یوروپ کے دورے کے دوران روانگی کے بیان میں کہا کہ چوٹی کانفرنس میں کورونا وبا کے بعد اقتصادی بحالی، موسمیاتی تبدیلی، اختراعات اور ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، عالمی سلامتی کے منظر نامے کی ترقی اور آرکٹک خطے میں بھارت-نارڈک تعاون جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ قابل ذکرہے کہ پہلی ہند-نارڈک سمٹ 2018 میں اسٹاک ہوم میں منعقد ہوئی تھی۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ دوسری بھارت-نارڈک چوٹی کانفرنس میں وہ 2018 میں پہلی بھارت-نارڈک چوٹی کانفرنس کے بعد سے ڈنمارک، آئس لینڈ، فن لینڈ، سویڈن اور ناروے کے وزرائے اعظم کے ساتھ تعاون کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمٹ کے دوران نورڈک ممالک کے رہنماوں کے ساتھ بھارت کے دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نارڈک ملک بھارت کے لئے پائیداری، قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹلائزیشن اور اختراع میں اہم شراکت دار ہیں۔
بعد ازاں اپنے واپسی کے دورے پر وزیراعظم مودی پیرس میں مختصر قیام کریں گے اور فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ "اپنے واپسی کے دورے کے دوران میں اپنے دوست صدر میخواں سے ملنے کے لیے پیرس میں رکوں گا۔" انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ فرانس دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستی کا اعادہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ بھارت اور فرانس کو ہند-فرانس اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے اگلے مرحلے کے لیے روڈ میپ ترتیب دینے کا موقع فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صدر میخواں کے دوبارہ منتخب ہونے کے صرف دس دن بعد فرانس کا ان کا دورہ انہیں مسٹر میخواں کو ذاتی طور پر مبارکباد دینے کا موقع فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستی کی بھی تصدیق کرے گا۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ "صدر میخواں اور میں مختلف علاقائی اور عالمی امور پر تجزیے شیئر کریں گے اور جاری دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیں گے۔ یہ میرا پختہ یقین ہے کہ عالمی نظام کے لیے یکساں وژن اور اقدار کو شیئر کرنے والے دوممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کرنا چاہیے۔
بھارت اور فرانس اس سال اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال کا جشن منا رہے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے درمیان میٹنگ اسٹریٹجک شراکت داری کا مزید اہم ایجنڈا طے کرے گی۔ خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم کے دورے کا بنیادی مقصد 'بھارت کو تینوں ممالک کے ساتھ اپنے کثیر جہتی تعلقات کو مضبوط کرنا جاری رکھنا ہے۔
یو این آئی