مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج سری نگر میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ سال 2019 میں آرٹیکل 370 کو ہٹائے جانے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ پہلی بار جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر ہیں۔
اتوار کو شاہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ جموں و کشمیر میں مکوال سرحد سے متصل علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے فوجیوں اور مقامی لوگوں سے بات چیت کی۔
وزیر داخلہ نے جموں میں کشمیری پنڈتوں، گجر بکروال برادری، پہاڑی برادری اور جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس کے وفود سے بھی ملاقات کی۔
مزید پڑھیں: امیت شاہ نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کرفیو کے نفاذ کا دفاع کیا
ان کا یہ دورہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ذریعہ شہریوں کے قتل کے کئی واقعات کے درمیان آیا ہے، ان واقعات کی وجہ سے وادی میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
شاہ نے اتوار کو سری نگر میں دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے نوجوان استاد دیپک چند کے خاندان سے بھی ملاقات کی۔ ہفتہ کے روز انہوں نے جموں و کشمیر میں رواں ماہ عسکریت پسندآنہ حملوں میں ہلاک ہونے والے فوجیوں اور عام شہریوں کے خاندانوں سے ملاقات کی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کا دل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے اور اس ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا۔