لکھنؤ: اتر پردیش اقلیتی حقوق کے تحفظ کمیشن نے عید الاضحیٰ کے مناسبت سے ریاست کے چیف سیکرٹری، ڈی جی پی، شہری ترقیاتی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھ کر کے تمام تر سہولیات اور بہتر انتظامات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین اشفاق سیفی نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحیٰ کی مناسبت سے ہم نے ریاست کے اعلیٰ عہدے داران کو خط لکھ کر کے مطالبہ کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کو پرامن طریقے سے منانے میں کسی بھی قسم کی پریشانیاں نہ آئے۔ اس تعلق سے سکیورٹی انتظامات سمیت صاف صفائی بجلی پانی مناسب طور پر فراہم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
انہوں نے کہا کہ عید گاہ میں کثیر تعداد میں نمازی عید الاضحیٰ کی نماز ادا کرنے آتے ہیں۔ لہٰذا گرمی کی شدت ہے اس کے پیش نظر پینے کے پانی کا بھی انتظام کیا جائے اور سڑک پر نماز ادا نہ کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی ذمہ داری ہے کہ سڑک پر نماز ادا نہ کرنے دیں۔ تاکہ کسی قسم کی پریشانی پیش نہ آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر پورے ملک میں لوگ قربانی کریں گے اور جانوروں کو ذبح کرتے ہیں۔ ایسے موقع پر گندگی کو راستوں میں نہ پھینکیں۔ بلکہ میونسپل کارپوریشن کا صفائی عملہ ہر گلی اور محلے میں بار بار گشت کرے تاکہ صاف صفائی کے بہتر انتظامات رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن جانوروں پر پابندی عائد ہے ان جانوروں کی قربانی ہرگز نہ کریں۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر سبھی مسلمان بھائی ملک میں امن و امان بھائی چارہ امن و شانتی کی دعا کریں اور کوشش کریں کہ اپنے اندر کی کم سے کم ایک برائی کو ختم کر دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس محکمہ بھی سکیورٹی انتظامات کو سخت رکھے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار حالات پیش نہ آئیں۔ وہیں بجلی اور پانی کا بھی خاص انتظام ہو تاکہ عید الاضحیٰ منانے میں مسلمانوں کو پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کی مناسبت سے اس دوران لوگ دوسری ریاستوں سے بھی جانوروں کی خرید و فروخت کرتے ہیں اور اس میں زیادہ تر کسان لوگ شامل ہوتے ہیں۔ لہٰذا پولیس محکمہ ان کو بےجا پریشان نہ کرے اور میونسپل کارپوریشن بھی اس بات کا خیال رکھے کہ شہر میں جہاں بھی بکروں کی منڈی لگتی ہے یا جانوروں کی خرید وفروخت کی روایتی طور پر جگہ متعین کی گئی ہے اس جگہ پر بکروں کا بازار یا جانوروں کی خرید و فروخت کے بازار منعقد کرائیں اور وہاں پر جیب کتروں اور دیگر ناخوشگوار حالات اور شرپسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھے۔