میرٹھ: ریاست اتر پردیش کے مظفر نگر شہر کے کوتوالی تھانے کے تحت مملانہ علاقے میں میرٹھ ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم نے خصوصی چھاپہ ماری کے دوران ایک مشتبہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ٹی ایف نے ملزم کے پاس سے بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایس ٹی ایف کے مطابق ''وہ اپنے چچا محمد عرشی ولد خلیل کے ساتھ پٹاخے بنانے کا کام کرتا تھا۔ اس دوران اس نے بارود اور بوتل بم آئی ڈی بنانے کا کام بھی سیکھا۔ اس کے علاوہ اس نے یوٹیوب اور انٹرنیٹ کے ذریعے دیگر جانکاری بھی حاصل کی۔''
ایس ٹی ایف نے مزید بتایا کہ 'نوجوان کے والد عارف احمد بھی پٹاخے بناتے تھے۔ کئی برس قبل عارف کسی کام کے سلسلے میں نیپال گئے تھے جہاں اس نے نیپال کے شہر کھٹمنڈو کی رہائشی ہندو خاتون نیتو سے شادی کر لی تھی۔ نوجوان کی ماں نیتو نیپال کے کھٹمنڈو میں لازم کھرسانی تال میں رہتی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: این آئی اے نے اورنگ آباد سے ایک شخص کو گرفتار کیا
ایس ٹی ایف میرٹھ کی ٹیم پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ اس معاملے میں لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ نوجوان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک عام لڑکوں کی طرح ہی ہے۔ محلے کے لوگوں کو اس کے بارے میں اچھی طرح پتہ ہے۔ اس کے بارے میں جو کچھ بھی کہا جا رہا ہے، اس پر واضح طور پر کچھ بھی کہا نہیں جا سکتا ہے۔