لکھنو: وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر سڑک پر نماز ادا نہ کی جائے۔ ڈرون کیمرے سے اس کی نگرانی کی جائے۔ اگر کوئی شخص اس کے خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف سختی سے کاروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کرنے کے مقامات کی نشاندہی کی جائے، عوامی گزرگاہ، شاہراہ اور کھلے میدان میں ہرگز قربانی نہ کرنے دیا جائے، وہی متنازع مقامات اور حساس علاقوں میں بھی قربانی نہ کرنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی شخص اس کی خلاف ورزی کی ہے تو اس سے سختی سے نپٹا جائے۔ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شر پسند عناصر پر نظر رکھی جائے اور ماحول کو خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گنگا دشہیرے کے موقع پر گھاٹوں کو سجایا جائے اور صاف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ 15 جون سے سوچھتا ہفتے کی شروعات ہوگی اور ہر ضلع کے افسران صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
افسران کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون نظم و نسق کسی بھی صورت میں بگڑنا نہیں چاہیے، جن جانوروں پر پابندی عائد ہے اس کی قربانی ہرگز نہ کرنے دیں اگر کوئی شخص کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں۔ واضح رہےکہ ریاست اترپردیش میں بغیر کسی کو تکلیف پہنچائے سڑک پر نماز پڑھنے والے افراد کے خلاف کئی مقامات پر مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ اور اترپردیش میں اس معاملے کو ایک تنازع بنادیا گیا ہے۔