لکھنؤ: یوپی اے ٹی ایس نے روس کے ماسکو میں بھارتی سفارت خانے میں تعینات ستیندر سیوال کو گرفتار کیا ہے۔ ستیندر آئی ایس آئی کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہا تھا۔ اے ڈی جی اے ٹی ایس نے کہا کہ ستیندر سال 2021 سے روس میں واقع بھارتی سفارت خانے میں انڈین بیسٹ سکیورٹی اسسٹنٹ
(IBSA) کے طور پر تعینات تھا۔
اے ڈی جی اے ٹی ایس نے کہا کہ شاہ محی الدین پور، ہاپوڑ کے رہنے والے ستیندر سیول نے آئی ایس آئی کے ہینڈلرز کو ماسکو میں واقع ہندوستانی سفارت خانے، وزارت دفاع، وزارت خارجہ اور ہندوستانی فوجی اداروں کی اہم خفیہ معلومات فراہم کیں۔ آئی ایس آئی ایجنٹوں کی حالیہ گرفتاریوں کے بعد جانچ میں ستیندر کے بارے میں جانکاری ملی، جس کے بعد اے ٹی ایس کی میرٹھ یونٹ نے ستیندر کو میرٹھ دفتر میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا۔ دوران تفتیش اس نے الزام قبول کر لیا۔
اے ڈی جی موہت اگروال نے بتایا کہ ستیندر اپنا مہنگا شوق پورا کرنے کے لیے آئی ایس آئی کے رابطے میں آیا اور ان کے لیے کام کرنے کے عوض اسے بھاری رقم دی جارہی تھی، جس کی لالچ کی وجہ سے وہ تمام خفیہ جانکاری سرحد پار پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو بھیج رہا ہے۔ اے ٹی ایس اب ستیندر کے ساتھیوں کے بارے میں جانکاری اکٹھا کر رہی ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئی ایس آئی نے سفارت خانے میں مزید کئی ایجنٹ تعینات کیے ہوں گے۔