نئی دہلی: اقلیتی امور کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے دہلی کے وگیان بھون میں حج سودھا موبائل ایپلیکیشن اور حج گائیڈ لائن 2024 جاری کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 'این ڈی اے حکومت کی مختلف وزارتوں نے لوگوں کو حج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مربوط کوششیں کی ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'حاجیوں کے لیے سہولیات صرف وزارت اقلیتی امور کی ذمہ داری نہیں ہے۔ اب پی ایم مودی حکومت نے حاجیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام محکموں کے درمیان تال میل قائم کیا ہے۔ گذشتہ سال بغیر محرم کے اکیلی خواتین حاجیوں کی تعداد 4300 تھی جو اس سال 5160 سے تجاوز کر گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا، 'مرکزی حکومت عازمین حج کی بہتری کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ حج سودھا موبائل ایپ حاجیوں کو کسی بھی ضرورت کی صورت میں مختلف قسم کی مدد فراہم کرے گی۔ اسمرتی ایرانی نے کہا کہ 'یہ ایپ عازمین حج کو ضرورت کے وقت قریب ترین صحت کی سہولیات کا پتہ لگانے میں مدد کرے گا۔
حج سہولت ایپ کو مرکزی وزیر اقلیتی امور کی رہنمائی میں تیار کیا گیا ہے۔ وزیر موصوف کے مطابق یہ ایپ حج کے تجربے میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ڈیجیٹل اور موبائل ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حج سودھا ایپ ضروری جانکاری فراہم کرے گا اور اہم خدمات جیسے ٹریننگ، پرواز کی تفصیلات، رہائش، ایمرجنسی ہیلپ لائن، صحت کے ساتھ ساتھ سفر میں سامان، اور دستاویزات وغیرہ جیسے دنیاوی کاموں کی پریشانیوں سے نجات دلانے میں مدد کرے گا۔ یہ ایپ سہولیات تک حجاج کو براہ راست رسائی فراہم کرے گا اور اس روحانی سفر کے دوران انہیں درپیش عام مسائل کا حل بھی پیش کرے گا۔
مزید پڑھیں: بچوں کے ساتھ حج و عمرہ کرنے والوں کیلئے گائیڈ لائنز جاری
اس دوران مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے حج گائیڈ 2024 بھی جاری کی جو عازمین کو حج کے مختلف پہلوؤں سے واقف کرانے کے لیے تیار کی گئی ہے، جس میں عازمین کے لیے حج سہولت ایپ کے استعمال پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ گائیڈ 10 زبانوں میں شائع کی گئی ہے۔ تمام عازمین حج کو یہ گائیڈ فراہم کی جائے گی۔
اسی کے ساتھ مرکزی وزیر نے آج وگیان بھون میں حج 2024 کی تیاریوں کے حصے کے طور پر دو روزہ ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کا وزیر مملکت جان بارلا کی موجودگی میں کیا۔ اس پروگرام میں مختلف ریاستوں کے زیر انتظام علاقوں سے 550 سے زیادہ ٹرینرز نے شرکت کی۔ ٹریننگ آف ٹرینرز پروگرام کا مقصد ان ٹرینرز کو تربیت دینا ہے جو عازمین حج کو مزید تربیت فراہم کرتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ عازمین سفر حج کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہوں سکیں۔ واضح رہے کہ اس سال سعودی عرب اور ہندوستان کے بیچ ہوئے حج معاہدہ 2024 کے تحت بھارت سے کل 1,75,025 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عازمین حج کو 10 مارچ تک دوسری قسط کی ادائیگی کےلئے نوٹیفکیشن